• news

شناختی کارڈ کیلئے ہر یو سی میں بائیو میٹرک مشین لگائی جائے: وزیر داخلہ 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شناختی کارڑ کے اجراء اور تجدید کیلئے پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر بائیو میٹرک مشینیں لگائی جانے ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شناختی کارڈز کے نظام کو فول پروف، بہتر اور تیز رفتار بنایا جائے۔ وہ نادرا ہیڈ کوارٹر دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے نادرا ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں نادرا کو عوام کیلئے مزید فرینڈلی بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنوانے اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کے پلان کو چند روز میں حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے شناختی کارڈز کے نظام کو فول پروف، بہتر اور تیز رفتار بنانے کیلئے پلان بھی طلب کرلیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا سنٹرز کے دورے کئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ میں نے خود مشاہدہ کیا کہ عوام کو کافی مشکلات اور دقت کا سامنا ہے۔ انہوں نے نادرا حکام کو ہدایت دی کہ ایسا پلان بنایا جائے جس سے نادرا سنٹرز پر آنے والوں کیلئے آسانی ہو اور کام بلاتاخیر ہوسکے۔ محسن نقوی نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سنٹرز میں اضافے کا 7روز میں پلان بھی طلب کرلیا۔ وزیر داخلہ نے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید سنٹرز بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا آپریشنل روم کا دورہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن