• news

قومی اسمبلی: طارق چیمہ کی رکنیت اتفاق رائے سے معطل، سیشن ختم، بحال ہو گئے

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ آئی این پی)  قومی اسمبلی اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے طارق بشیر چیمہ کی رواں اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کردی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔ جمعہ کے روز قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ سپیکر نے کہا کہ کل پیش آنے والے نامناسب واقعے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنمائوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تمام رہنماؤں نے مثبت کردار ادا کیا۔ اجلاس میں کئے گئے متفقہ فیصلہ کے مطابق طارق بشیر چیمہ کی رکنیت رواں سیشن کے اختتام تک معطل کر دی گئی ہے، اس پر ایوان نے طارق بشیر چیمہ کی رواں سیشن کے اختتام تک رکنیت معطلی کی تحریک متفقہ طور پر منظور کرلی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ایک جماعت سے تعلق رکھنے والے لوگ قومی اسمبلی ہال کے باہر جمع ہوتے ہیں، یہ ہمارے لیے بہت بڑا المیہ ہے کہ جو اراکین اسمبلی میں تقریر کرتے ہیں وہ حلقہ سے لوگ بلا لیتے ہیں، یہ پارلیمنٹ ہائوس ہے نہ کہ موچی دروازہ یا ڈی چوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح یہ موچی بازار بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کو اس حوالے سے سخت اقدامات کرنے چاہیے۔ پارلیمنٹ کا تقدس مجروح کیا جا رہا ہے۔ ایوان کو اگر چلانا ہے تو اس کا مذاق نہ بنایا جائے۔ انہوں نے سپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پر سخت ایکشن لیں۔ سپیکر ایاز صادق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی نکتہ نظر سے قومی اسمبلی کی راہداریوں میں ٹک ٹاکرز، یو ٹیوبرز اور میڈیا کی طرف سے ویڈیو بنانے پر پابندی عائد ہو گی سپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے دوست اور جمہوری ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس بنانے کی قراردار ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے اتفاق رائے سے منظوری دی۔

ای پیپر-دی نیشن