نان فائلرز کی سمز بند کرنے کیلئے 18 رکنی جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ایف بی آرنے نان فائلرز کی سمز بند کرنے کے لیے 18 رکنی جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا۔ جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نان فائلرز کی سمز بند کرنے کے لیے تشکیل دیے گئے جوائنٹ ورکنگ گروپ میں ایف بی آر، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، موبائل فون کمپنیوں جاز، یوفون، ٹیلی نار کے نمائندے شامل ہیں۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ورکنگ گروپ انکم ٹیکس جنرل آرڈر پر عملدر آمد کو یقینی بنائے گا، گروپ نان فائلرز کی سمز بند کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرے گا۔29 اپریل کو جاری کردہ انکم ٹیکس جنرل آرڈر (آئی ٹی جی او) کے تحت ایف بی آر کے حکم کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو خط بھیجا گیا تھا جس میں ٹیکس سال 2023 میں گوشوارے جمع کرانے میں ناکام رہنے والے 5 لاکھ 6 ہزار 671 افراد کی سمز بلاک کرنے کا کہا گیا تھا۔ٹیلی کام انڈسٹری کا موقف ہے کہ سمز کی زیادہ تعداد میں بلاکنگ سے تکنیکی طور پر مسئلہ ہو گا اور اگر قانون کے مطابق ضرورت ہو تو سی ایم اوز کو ایسے صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے بلاک کرنے سے پہلے متعدد بار متنبہ کرنے کی ضرورت ہوگی کیونکہ وہ اپنے صارفین کو درست وجوہات کے ساتھ پیشگی قانونی نوٹس فراہم کرنے کے پابند ہیں جو اس معاملے میں غیر حاضر ہے۔ورکنگ گروپ میں ممبر آئی آر اپریشن ایف بی آر بادشاہ خان وزیر ،۔چیف ریونیو ارشد نواز چیمہ ،ایڈشنل کمشنر نعیم حسن ،کاشف غفور ،سہیل محمود،اور تیلے کام کمپنیوں کے نمائدے شامل ہیں ۔