ایلیٹ یونیفارم پہن کر پاسنگ آؤٹ میں شرکت، پولیس پر لگے دھبے دھوئیں گے: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایلیٹ فورس ٹریننگ سنٹر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایلیٹ یونیفارم پہن کر شرکت کی۔ ایلیٹ کمانڈوز کی حمزہ کمپنی اور عائشہ کمپنی نے وزیر اعلیٰ کو جنرل سلامی پیش کی۔ کیڈٹس نے پروفیشنل ٹریننگ کے مظاہرے پیش کئے۔ فی میل کمانڈوز نے سیٹ، ہیلی ریپلنگ بلڈنگ کراسنگ، لیزرڈ کرال فیس ڈاؤن ریپلنگ اور سٹریٹ کراسنگ کے مظاہرے کئے۔ مریم نواز نے فی میل کمانڈوز کی پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا۔ مریم نواز نے جیپ پر پریڈ کا معائنہ کیا۔ اعلیٰ کارکردگی پر کمانڈوز میں انعامات تقسیم کیے اور بہترین کارکردگی پر کیش انعامات کا اعلان بھی کیا۔ مریم نوازشریف نے ایلیٹ پولیس کے جدید اسلحے، ایم پی فائیو ایس ایس آر، پی او ایف آئی، این وی جی گن کا عملی معائنہ کیا۔ فی میل کمانڈوز سے ملاقات کی اور تصاویر بنوائیں۔ ٹریننگ مکمل کرنے والے ایلیٹ کمانڈوز کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے یونیفارم میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کر کے جتنی خوشی آپ کو ہو رہی ہے اتنی ہی خوشی مجھے ہو رہی ہے۔ آپ کے چہرے پر پاکستانیت دیکھ کر مجھے بطور وزیراعلی انتہائی حوصلہ ملا۔ ایلیٹ فورس نواز شریف اور شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہے، آپ لوگ قوم کے ان چند خوش قسمت بیٹے اور بیٹیوں میں سے ہیں جن کو یہ وردی پہننا نصیب ہوئی ہے۔ پاس آؤٹ ہونے والی خواتین کو خصوصی طور پر شاباش دیتی ہوں۔ جب یہ بچیاں قوم کے بیٹوں کے شانہ بشانہ اپنے فرائض ادا کریں گی تو قوم کو ان پر فخر ہوگا۔ تمام فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ پولیس فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، جو سہولیات اور ٹیکنالوجی چاہیے مہیا کریں گے۔ پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پنجاب کی سرحد پر پولیس چوکیوں پر حملے ہو رہے ہیں جنہیں پولیس کے جوان بہادری سے روک رہے ہیں۔ جب گھر سے نکلتی ہوں تو اپنے کندھوں پر ذمہ داری کا احساس ہوتا ہے۔ جو وعدے آپ نے پاکستان کی عوام کے ساتھ کیے ہیں وہ نبھانے ہیں۔ جب آپ کو مشکل پیش آئے تو اپنے حلف کے الفاظ کو یاد کریں۔آپ کے پاس کوئی مظلوم آئے تو آپ نے اس کی دادرسی کرنی ہے اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔ وہ وقت دور نہیں ہے جب پولیس پہ لگے ہوئے دھبے ہم دھوئیں گے اور لوگ سکون سے اپنے گھروں میں سوئیں گے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز کے انتخابات میں نو منتخب عہدیداران کو خصوصی پیغام میں مبارکباد دی۔ وزیراعلی کی زیر صدارت ایلیٹ پولیس فورس ہیڈ کوارٹر کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا، جس میں صوبہ بھر میں امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے امن وامان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پولیس اور پراسیکیوشن کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ میں بہتری کے لئے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ریپ کی سزا دس سے پندرہ سال تک بڑھانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں گینگ ریپ، بچوں سے زیادتی اور گھریلو ملازمین پر تشدد کے واقعات کے سدباب کے لئے موثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس کو کوراڈ کاپٹر ڈرون اور دیگر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرنے، فنڈز کے اجرا کے لئے اصولی منظوری دی گئی۔ پولیس افسروں کے بارے میں رپورٹ وزیر اعلیٰ پیش کر دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس کیلئے سائبر کرائم انوسٹی گیشن ٹریننگ مکمل کرلی گئی۔ پولیس افسروں اور اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی پر دسترس کے لئے ٹریننگ جاری ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ پولیس کو پورے وسائل مہیا کریں گے، کرائم کو ہر صورت میں ختم کرنا ہے۔ ادھر تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مریم نواز نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا اور تمام اضلاع میں انتظامیہ کو کرایوں میں کمی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچایا چاہیے۔ ٹرانسپورٹ کے کرائے اشیائے خورد ونوش سمیت تمام دیگر اشیاء کے نرخ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کرائے کم کر کے عوام کو ریلیف دیں گے۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے لاہور میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک ٹرانسپورٹ کا 5سالہ پلان طلب کر لیا۔ لاہور میں پرپل اور بلیو لائن ٹرین کے لئے بہترین انٹرنیشنل کنسلٹنٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کو صوبے بھر میں 630 ایکو فرینڈلی بسوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا کہ لاہور کے لیے 200 ایکوفرینڈلی ڈیزل ہائی برڈبسیں لائی جارہی ہے۔ 100الیکٹرک بسیں پائلٹ پراجیکٹ کے طورپر چلائی جائیں گی۔ ملتان کے لیے 100، راولپنڈی 78، بہاولپور 42 اور فیصل آباد 110 ایکوفرینڈلی بسیں لائی جارہی ہے۔ چیف منسٹر یوتھ انیشیٹیو بائیکس کی ای بیلٹنگ کے بعد سکرونٹنگ شروع کردی گئی ہے۔