مرکزی مسلم لیگ کا گوجرانوالہ میں کسان مارچ، حکومتی پالیسیوں کیخلاف نعرے
گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے کسانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف شیرانوالہ باغ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکاء نے حکومتی پالیسیوں کیخلاف شدید نعرے لگائے اور کسان برداری کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مرکزی مسلم لیگ کے احتجاجی مظاہرے میں مرکزی صدر خالد مسعود سندھو، جنرل سیکرٹری سیف اللہ خالد، چوہدری حمید الحسن، راشد علی سندھو، احسان اللہ منصور، چوہدری عرفان مہیس، چوہدری ذوالفقار علی اولکھ، چوہدری فیصل مراد وڑائچ، سیف الرحمن وڑائچ، مزمل اقبال ہاشمی، انجنئیر حارث ڈار سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کی مشکلات کا وقت بڑھتا جارہا ہے۔آج ہمارے ملک میں جتنا کسان مظلوم ہے اتنا کوئی نہیں۔ اگلی فصل کی کاشت کے لیے وسائل نہیں۔ یہ حکومت کرپشن کی پیداوار ہے ان سے بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی۔ میں سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ گندم سکینڈل کے کرداروں کو بے نقاب کرے۔ کسانوں کے لیے مستقل پالیسی بنائی جائے، مقررہ نرخ پر کھا ڈی اے پی، پانی، بجلی اور ڈیزل مہیا کیا جائے۔