سندر 5 لاکھ، شفیق آباد 4 لاکھ کا ڈاکہ، 4 کاریں، 8 موٹرسائیکل چوری
لاہور (نامہ نگار) چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے سندر میں عباد احمدکے گھر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 5لاکھ 70 ہزار روپے، زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شفیق آباد میں سرفراز سے4 لاکھ 10 ہزار روپے اور موبائل فون، مانگا منڈی میں عقیل سے 3لاکھ روپے وموبائل فون، فیصل ٹاؤن میں نصیر سے 2 لاکھ 30 ہزار روپے نقدی و موبائل فون، بادامی باغ میں نسیم علی سے ایک لاکھ 45 ہزار روپے موبائل فون، غالب مارکیٹ میں جنیدسے 90 ہزار روپے موبائل فون، مصطفی ٹاؤن میں تنویر سے 60 ہزار روپے اور موبائل فون، گرین ٹاؤن میں بابر سے 34 ہزار روپے اور موبائل فون، چوہنگ میں فرید سے 6 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔ چوروں نے مانگا منڈی، ڈیفنس، راوی روڈ اور گجر پورہ سے 4 کاریں جبکہ لٹن روڈ، شیراکوٹ، نولکھا، اسلام پورہ، نصیر آباد، سندر، گلشن راوی اور فیکٹری ایریا سے 8 موٹرسائیکلیں چوری کرلی ہیں۔