• news

بڑی عید :مویشی منڈیوں کے قیام ، صفائی ستھرائی کے انتظامات کا آغاز  

لاہور(خبرنگار)وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایات پر بڑی عید کے موقع پر مویشی منڈیوں کے قیام اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے بروقت اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔ اس ضمن میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں کی ہدایت پر سیکشن آفیسر کمپنی نے مراسلہ جاری کر تے ہوئے لوکل گورنمنٹس،ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور کیٹل مارکیٹس کو بروقت انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مراسلے کے مطابق  عید کے ایام میں صفائی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنانے کیلئے لوکل گورنمنٹس اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے آپریشنل،سینیٹری اورسپروائزری سٹاف کی سٹیشن لیو پر پابندی ہو گی۔ عید الاضحی سے 10روز قبل مویشی منڈیاں مکمل طور پر فعال کر دی جائیں گی اور گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی منڈیاں نو پرافٹ نو لاس کے تحت لگائی جائیں گی۔ مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے قیام کیلئے ضلعی انتظامیہ جگہ مختص کرے گی جبکہ غیر قانونی منڈیاں یا سیل پوائنٹس لگانے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔شکایات کے ازالے اور رہنمائی کیلئے منڈیوں میں شکایت سیل اور آگاہی کیمپ کا قیام کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن