لاہور کی ہر گلی محلے کو چمکانے کیلئے 15 روزہ زیرو ویسٹ مہم کا آغاز
لاہور(خبرنگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کی ہر گلی محلے کو چمکانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے 15 روزہ زیرو ویسٹ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ایل ڈبلیو ایم سی زیرو ویسٹ مہم کی افتتاحی تقریب میں ایکٹنگ چیئرمین ملک بلال ذوالفقار کھوکھر سمیت سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیاسی رہنماؤں اوریوسی چیئرمین کی جانب سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے صوفی آباد، نشتر ٹاؤن میں زیرو ویسٹ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ 15 روزہ مہم کے دوران لاہور کے 9 ٹاؤنز کو مرحلہ وار زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں نشتر ٹاؤن اور عزیز بھٹی ٹاؤن میں خصوصی صفائی ایکٹیویٹیزکی جائیں گی۔روزانہ 5 ہزار سے زائد کنٹینرز کلیئرنس کے ساتھ ساتھ گلی محلوں کی مینوئل سویپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی عمر چوہدری کے مطابق خصوصی مہم کے دوران 500 سے زائد اوپن پلاٹس کو زیرو ویسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ سموگ کے پیش نظر سڑکوں کی سکریپنگ کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔