• news

7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف کی فروخت، نیب نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف نیا کیس کھول دیا

اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ)  بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کا ایک اور کیس تیار کرلیا گیا۔اس حوالے سے نیب کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے 7 گھڑیاں غیرقانونی لیں اور بیچیں۔ بشریٰ بی بی کوبھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تحائف موصول ہوئے، بشریٰ بی بی کو  جیولری، گھڑی، انگوٹھی اور ہار بطور تحفہ  موصول ہوا۔نیب انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 10 قیمتی تحائف غیر قانونی طور پر رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔ بانی پی ٹی آئی کیخلاف گھڑیاں،کف لنکس، پین، ہیرے اور سونے کے سیٹ کو کیس کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے قیمتی گھڑی کے خریدار کو فائدہ پہنچایا، تخمینہ ساز کا بذریعہ ای میل گھڑی کی قیمت کم لگانا ملی بھگت کا ثبوت ہے۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق گراف گھڑی کی قیمت 10کروڑ 9 لاکھ 20 ہزار روپے لگائی گئی، 20 فیصد رقم کے مطابق 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے سرکاری خزانے کو دیے گئے، محمد شفیق کو گراف جیولری 5 کروڑ 10 لاکھ روپے میں بیچی گئی، محمد شفیق نے ہی اپنی جیب سے 2 کروڑ  ریٹینشن کاسٹ ادا کی تھی، محمدشفیق نے ہی جیولری کی انوائس بنائی اور اسسٹنٹ پروٹوکول سیکشن بھجوائی۔رپورٹ  میں بتایا گیا ہے کہ  23 جنوری 2019 کو محمدشفیق وزیراعظم آفس گئے اور پروٹوکول افسر کے سامنے گھڑی وصول کی۔ ایف بی آر، وزارت انڈسٹری، پاکستان جیمز جیولری ٹریڈرز وغیرہ سے تحائف کی کم قیمت لگوائی گئی۔نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف 30 ہزار روپے تک کے تحائف مفت رکھے جاسکتے ہیں۔انکوائری رپورٹ کے مطابق نیب کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مزید تفتیش کی اتھارٹی دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب عمران خان اور بشریٰ بی بی کی نئی نیب انکوائری کیخلاف درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔عمران خان کی نیب کال اپ نوٹس کے خلاف درخواست 24 جون کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے جب کہ  بشریٰ بی بی کی نیب کال اپ نوٹس کے خلاف درخواست 4 جون کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن