• news

قوم کو شہدا پر فخر ہے، صد ر، وزیراعلیٰ بلوچستان کی شہید میجر بابر کے گھر جا کر تعزیت

اسلام آباد+میانوالی (نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) شہید میجر بابر خان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے لیے صدر آصف زرداری اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی میانوالی ہیلی کاپٹر کے ذریعے میانوالی ائربیس پر اترے۔ براستہ روڈ مسلم کالونی میانوالی شہید کے گھر پہنچے۔ شہید کے والد اور رشتہ داروں سے اظہار تعزیت کیا، فاتحہ پڑھی۔ شاہراہ فضائیہ اور جنرل بس سٹینڈ روڈ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پی اے ایف روڈ پر کچھ دکانیں بند کرا دی گئیں، وتہ خیل چوک اور جہاز چوک پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ فاتحہ خوانی کے بعد وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میجر بابر شہد کا قرض دار ہے۔ میجر بابر شہید نے بلوچستان کے عوام کیلئے اپنی جان قربان کی ہے۔ بلوچستان اپنی پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ ہے ، ریاست کے خلاف صرف فوج کی جنگ نہیں ہے دہشت گردوں کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے۔ انہوں نے شہید کی چھ سالہ بچی اور پانچ سال کے بیٹے کو اپنی گود میں بٹھا لیا اور پیار کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید کے والد نورخان نیازی اور  لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجا ت کی بلندی کیلئے دعا کی۔  وزیر اعلیٰ بلو چستان نے شہید میجر بابر خان کے والد کو گلے لگایا اور انھیں دلاسہ دیا۔ انہوں نے کہا  ہم اس مقدس خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیں گے۔ وزیرا علیٰ بلو چستان نے کہا کہ بلوچستان کا بچہ بچہ پاکستانی افواج اور ان جوانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزراء اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے قوم کے بہادر سپوت شہید میجر بابر خان نیازی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر نے بھی شہید کے بچوں کو گود میں اٹھا کر پیار کیا۔ انہوں نے کہا پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔ کالا باغ پھاٹک اور سرگودھا موڑ پر گاڑیوں کو روک دیا گیا تھا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن