پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف ورلڈ کپ کمبی نیشن آزمانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں مکمل سٹرینتھ اور ورلڈ کپ کمبی نیشن کیساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز 22 سے 30 مئی کے درمیان کھیلی جائیگی ،ذرائع کے مطابق پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہونے والے گیری کرسٹن آج انگلینڈ میں قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں حارث رئوف اور عثمان خان کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔حارث رئوف اور عثمان خان کو آئرلینڈ کیخلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں موقع نہیں ملا تھا۔ عثمان خان کو صائم ایوب کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ فاسٹ بائولر حارث رئوف حسن علی کی جگہ سکواڈ میں آئیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بائولر نسیم شاہ بھی پاکستان کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنائیں گے جبکہ ایک فاسٹ بائولر کم کر کے شاداب خان یا ابرار احمد کو کھلانے کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ممکنہ طور پر انگلینڈ کیخلاف سیریز کے دوران ورلڈ کپ کے امتزاج کو جانچنے کیلئے اپنی پوری طاقت کی ٹیم کو میدان میں اتارے گا۔حتمی فیصلہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار میچوں کی سیریز 22مئی سے شروع ہوگی۔