• news

لاہور ری ویمپنگ پلان کا فوکس پسماندہ علاقے ہیں: وزیر بلدیات 

لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت کمشنر ہائوس میں اجلاس کے دوران لاہور بحالی پروگرام پر ہوم ورکنگ میں پیشرفت اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں، کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہری سہولیات کی فراہمی اور مجوزہ ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ لاہور کی بڑھتی آبادی کے پیش نظر بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر کرنا ضروری ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف شہری سہولیات کی بلارکاوٹ فراہمی یقینی بنانا چاہتی ہیں۔ اس ضمن میں پنجاب بھر میں منتخب نمائندوں کی مشاورت سے سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ لاہور ری ویمپنگ پلان کا فوکس پسماندہ اور نظرانداز شدہ علاقے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گلیوں کی مرمت و تعمیر کا کام پہلے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیور/ڈرین سکیم اور مرمت و بحالی کی ذمہ داری واسا لاہور کو سونپی جا رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور کے تمام زونز میں انفراسٹرکچر کی ترقی کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ لاہور کے ٹائونز کی ضروریات کے مطابق ماسٹر پلان بنایا جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن