خواجہ سلمان رفیق کامیاب رینل ٹرانسپلانٹ بچے کی سالگرہ منانے جناح ہسپتال پہنچ گئے
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق رینل ٹرانسپلانٹ کامیاب ہونیوالے بچے منصور کی سالگرہ منانے جناح ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔اس موقع پر پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر سید اصغر نقی، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر نوید اقبال، ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان، ڈاکٹر شبیر و دیگر فیکلٹی موجود تھی۔اس موقع پر ڈاکٹر حمزہ نذیر اور ڈاکٹر کاشف شبیر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے منصور کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور کامیاب سرجری پر بچے کی والدہ کو مبارکباد دی اور معصوم بچے کو گلدستہ پیش کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ منصور کا رینل ٹرانسپلانٹ کرنیوالی ڈاکٹرز کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جناح ہسپتال لاہور کے یورولوجی ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت میں مزید اضافہ کریں گے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن کے دفتر میں انسدادِ ڈینگی کے حوالہ سے اہم اجلاس ہوا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن لاہور ڈاکٹر انعم فاطمہ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو گلدستہ پیش کر کے اپنے دفتر میں خوش آمدید کہا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ، سی ای او لاہور ڈاکٹر فیصل، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن لاہور ڈاکٹر انعم فاطمہ، محکمہ ایگری کلچر، محکمہ ماحولیات، لیسکو، جنگلات، ایجوکیشن، ایم سی ایل، پنجاب فوڈ اتھارٹی، و دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے ایک نیا اور کامیاب ماڈل لا رہے ہیں۔