فضل الرحمان کی ہمیشہ باتیں مانیں‘ کہیں گے تو حکومت چھوڑ دیں گے: رانا تنویر
نارنگ منڈی +فیروز والا(نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ فضل الرحمان کی ہمیشہ باتیں مانیں، جب کہیں گے حکومت چھوڑ دیں گے۔ بانی پی ٹی آئی ایک طرف وزیراعظم بننا چاہتا ہے دوسری طرف توشہ خانہ سے گھڑیاں اور گلدان چوری کئے جاتے رہے ہیں، عوام سمجھ جائیں کہ بانی پی ٹی آئی یہودی پراڈکٹ ہے اور اس کی نئی نسل بھی یہودیوں کے پاس ہے۔ علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کی فرنٹ پرسن اور ان کی دبئی، نیو جرسی سمیت دیگر ممالک میں جائیدادیں ہیں۔ آج کے تمام مسائل کی بنیاد عدلیہ کے ذریعے میاں نواز شریف کی اقتدار سے رخصتی ہے، عدلیہ نے پچھلے ادوار میں بھی فتنہ خان کی مدد کی اور آج بھی بعض حصے اس کی سہولت کاری کر رہے ہیں۔ میاں نوازشریف مسلم لیگ ن کے بانی، قائد اور رہبر ہیں، نوازشریف کے دوبارہ پارٹی صدر بننے سے پارٹی مضبوط اور فعال ہو گی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے سمجھوتے مشکل ضرور ہیں مگر عوام بہت جلد خوشخبریاں سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہبازشریف کی قیادت میں ملک سیاسی استحکام کی طرف گامزن، معاشی استحکام بھی آئے گا، حکومت صنعتی ترقی کے لئے بجلی اور گیس میں ریلیف دے گی۔