• news

خیبر پی کے سرحد پر جھڑپیں ختم، پاکستان، افغانستان قبائلی عمائدین کا جنگ بندی پر اتفاق

کرم (این این آئی) خیبر پی کے میں سرحد پر 4روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد پاکستان اور افغانستان کے قبائلی عمائدین اور حکام پر مشتمل ایک جرگے نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعہ کو پاکستان اور افغانستان کی افواج کے درمیان جھڑپوں میں اضافے کے باعث کرم میں خرلاچی بارڈر کراسنگ کے قریب دیہاتوں اور بستیوں سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع ہوگئی تھی تاہم گزشتہ روز ہونے والی جنگ بندی سے علاقے میں امن بحال ہوا، اور سرحدی گزرگاہ بھی جلد ہی دوبارہ کھول دی جائیں گی۔ قبائلی بزرگ جلال بنگش نے بتایا کہ جرگہ خرلاچی بارڈر کراسنگ پر منعقد ہوا اور اس میں دونوں اطراف کے مقامی عمائدین، علماء اور حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں علاقے میں قیام امن کے لیے کوششیں کرنے کے لیے ایک مشترکہ امن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرگے نے تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ جلال بنگش نے کہا کہ سرحد کے دونوں طرف لوگوں کو درپیش مسائل کے پیش نظر جرگے کے شرکاء نے جنگ بندی پر عمل درآمد پر اتفاق کیا اور اس وجہ سے کراسنگ کو بغیر کسی تاخیر کے کھول دیا جائے گا۔ دونوں فریقین نے جلد ہی ایک اور ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن