پنجاب: گرمی کی شدت برقرار‘ سندھ میں ہیٹ ویو کا خدشہ‘ انٹر امتحانات ملتوی
لاہور+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ +آئی این پی+ این این آئی) لاہور میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا۔ جبکہ ملک کے اکثر علاقوں میں بھی شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا گیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے لحاظ سے آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 181ریکارڈ ہوئی ہے ۔ رواں ماہ درجہ حرارت اوسطاً 8 ڈگری تک بڑھنے کے امکانات ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ آج پیر سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آئندہ ہفتے صوبہ سندھ میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں کو شدید گرمی کی لہر اپنی لپیٹ میں لئے رکھے گی۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے بھی آئندہ ہفتے کے دوران صوبے میں سخت گرمی جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ صوبے میں 21 مئی سے 23 مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ نوائے قت رپورٹ کے مطابق سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ امتحانات 22 کی بجائے اب 27 مئی سے شروع ہوں گے۔ملک بھر میں جھلسا دینے والی گرمی کا راج رہا۔ سندھ کا شہر نواب شاہ 49 ڈگری کے ساتھ گرم ترین شہر رہا۔ دادو 48، سکھر 46، بہاولپور اور حیدر آباد 45، ملتان 44، سبی، تربت 42، اٹک 40، فیصل آباد 43 ڈگری گرمی پڑی۔ لاہور میں 42 ڈگری پر 44 ڈگری جیسا احساس ہوا۔ پشاور میں 36 ڈگری پر 41 ڈگری کی گرمی پڑی۔ کراچی میں پارا 35 اور گرمی 39 ڈگری تھی۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا۔