• news

مریم نواز کے اقدامات انقلابی، شہریوں کی زندگی میں تبدیلی لے کر آئیں گی: خواجہ آصف

سیالکوٹ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کلینک آن ویل پروگرام شروع کرکے پنجاب کے عوام کو صحت کا تحفہ دیا ہے، سوا تین ماہ کی مریم نواز کی حکومت کے اقدامات کی نوعیت انقلابی رہی ہے، وہ اس دوران شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کوشاں نظر آئیں۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی پروگرام ’’کلینک آن ویلز‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چوہدری فیصل اکرام، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، سی او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر، پروگرام انچارج کلینک آن ویل ڈاکٹر محمد عدنان اور کاشف نیاز بٹ کے علاوہ محکمہ صحت کے مقامی حکام، فیلڈ سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ موبائل کلینک سے صحت کی سہولت عوام کی دہلیز پر میسر آئے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کل ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کروں گا اور تزئین و آرائش کے کام کی جلد تکمیل سمیت سہولیات بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز، قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے نقش قدم پر چل رہی ہیں اور پنجاب کے شہریوں خصوصاً خواتین کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کلینک آن ویل / موبائل کلینک پر ڈینٹل، آئیز کی سہولیات کے علاوہ میموگرافی کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ انہوں نے کہا وزیرا علیٰ مریم نواز نے تین ماہ میں خدمت کی سیاست کی بنیاد رکھی ہے، تعلیمی درسگاہیں، ہسپتال اور سڑکوں پر پنجاب حکومت کا فوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی تعمیر و ترقی کیلئے اس وقت 4 اہم منصوبوں پر عملی جامہ پہنانے کیلئے فزیبلٹی تیار کرلی گئی ہے۔ صوبائی حکومت کے ترقیاتی پروگرام کے تحت سیالکوٹ رنگ روڈ تعمیر کی جائے گی جو وزیر آباد، ڈسکہ اور پسرور روڈ کو لنک کرے گی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے دھرم کوٹ سے سیالکوٹ تک دو طرفہ سڑک کی تعمیر کے منصوبہ پر جلد کام شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کچہری اور شہر میں یونیورسٹیز اور کالجز ایمن آباد روڈ پر منتقل کئے جائیں گے، ان کی شفٹنگ کے بعد 53 ایکڑ رقبہ پر پارک تعمیر کیا جائے گا، جنرل بس سٹینڈ کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا۔ جن پر مجموعی طور سے تقریباً 17 ارب روپے کی لاگت آئے گی، کینٹ سے کوٹلی بہرام چوک سے کراس کر کے کشمیر روڈ پر فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن