• news

جابرانہ طرز حکمرانی، طاقت کے وحشیانہ استعمال سے تنازعہ کشمیر مزید پیچیدہ بن جائیگا: حریت کانفرنس

سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ممتاز کشمیری رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق اور شہید خواجہ عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو عوام کی خواہشات کے مطابق اور پرامن طریقے سے حل کرنے کا ان رہنمائوں کا راستہ ہی آگے بڑھنے اور خطے میں امن وخوشحالی کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جابرانہ طرز حکمرانی، طاقت کے وحشیانہ استعمال یا لوگوں کو ڈرانے دھمکانے سے تنازعہ کشمیر مزید پیچیدہ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو درپیش مشکلات اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ان کی طرف سے دی گئی قربانیاں کشمیریوں کو مسلسل یاد دہانی کراتی ہیں کہ اس تنازعے کو ہرصورت حل کرنا ہوگا اور کشمیریوں کے جذبات کا احترام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ گرفتاریاں اورنظربندیاں اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے مقصد اور قائدین کے دکھائے گئے راستے پر گامزن رہیں گے۔حریت ترجمان نے افسوس کا اظہارکیا کہ قابض حکام نے طاقت کے وحشیانہ استعمال اورڈرادھمکاکر لوگوں اور قیادت کے انفرادی یا اجتماعی اظہاررائے پر مکمل پابندی عائد کررکھی ہے اورانہیں سیاسی سرگرمیوں کی کوئی اجازت نہیں  ہے۔

ای پیپر-دی نیشن