• news

پنجاب بڑی کنزیومر مارکیٹ، جاپانی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع موجود: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جاپانی سفیر واڈا متسوہیرو نے ملاقات کی، جس میں  تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب اور جاپان کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلوں کا جائزہ بھی لیا گیا،  فیکلٹی پروگراموں کو فروغ دینے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب اور جاپان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشتراک کارکر سکتے ہیں۔ جاپانی کمپنیوں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مفید مواقع موجود ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب بڑی کنزیومر مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ پنجاب کی سکلڈ نوجوان افرادی قوت جاپانی اداروں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے عوامی رابطے ناگزیر ہیں۔ جاپانی سفیر واڈا  متسوہیرو نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار کے لیے پرعزم ہیں۔ گیارہ پاکستانی طلباء  کو ماسٹرز/ ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں کے لیے MEXT سکالرشپس پر جاپان میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوامی سماجی بہبود کے لیے جاپان کے متعدد پراجیکٹ جاری ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ اہل پنجاب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کی سلامتی کیلئے دعاگو ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ مشکل اور پریشانی کی گھڑی میں ایران کے عوام کے ساتھ ہیں اور دعا گو ہیں کہ ایرانی صدر اور ان کے رفقا خیر وعافیت سے ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن