• news

ایرانی صد ر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ: تلاش جاری، ایرانی حکام پرامید، دعا گو ہیں، زرداری، شہباز شریف

تہران (نوائے وقت رپورٹ) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر ہارڈ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہونے کے بعد لاپتہ ہیں۔ ایرانی صدر کے ساتھ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان‘ مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی‘ صوبہ تبریز کے امام محمد علی الہاشم بھی سوار تھے۔ ایرانی وزیر داخلہ نے حادثے اور صدر ابراہیم رئیسی سے رابطہ نہ ہونے کی تصدیق کر دی اور کہا ہے کہ مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپسی کے دوران صدر کا ہیلی کاپٹر شدید دھند والے پہاڑی علاقہ میں حادثے کا شکار ہوا۔ ایرانی صدر اور ان کا وفد متعدد ہیلی کاپٹروں میں سوار تھا۔ دشوار گزار علاقے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر تک پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ایرانی صدر کی جان خطرے میں ہے۔ آذربائیجان صوبے جولفہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سپریم لیڈر آیت اﷲ خامنہ ای کی زیرصدارت ایرانی سپریم کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر سے متعلق پرامید ہیں‘ حادثے کی جگہ سے آنے والی خبریں تشویشناک ہیں۔ ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثے کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی صدر کے نمائندے آیت اﷲ محمد علی بھی سوار تھے۔ ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی نے کہا ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے جولفہ کے قریب سرچ آپریشن جاری ہے۔ خراب موسم کے سبب مشکلات کا سامنا ہے۔ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر تلاش کر لیا۔ سعودی عرب‘ قطر اور ترکیہ نے ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مدد کی پیشکش کی۔ ترجمان سعودی وزارت خارجہ نے کہا مشکل وقت میں ایران کے ساتھ ہیں۔ ہرممکن مدد کی پیشکش بھی کر دی۔ عرب اور ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کی تلاش کیلئے 40 ٹیمیں مامور ہیں۔ ایرانی فوج کے دستے ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ حادثے کا علاقہ تبریز شہر سے 110 کلومیٹر دور ہے۔ صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر تانبے کی کان سنگن کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔ حکام کے مطابق ایرانی صدر کے کارواں میں شامل دو ہیلی کاپٹر بحفاظت پہنچ گئے۔ تیسرا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہے۔ ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں۔ ایرانی آرمی چیف نے کہا ہے کہ بارش کے باعث ریسکیو آپریشن مشکل ہو رہا ہے۔ دشوار گزار علاقہ بھی ریسکیو آپریشن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر اور وفد کی سلامتی کیلئے امام علی رضا کے مزار پر شہریوں نے دعائیں مانگیں۔ آذربائیجان کے صدر الہام علی نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کے لاپتہ ہونے پر شدید پریشانی ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے وفد کی خیریت کیلئے دعاگو ہوں۔ ایک پڑوسی اور دوست ملک کی حیثیت سے آذربائیجان ہر مدد کیلئے تیار ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ہیلی کاپٹر کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ریڈ کریسنٹ نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر ملنے کی ایرانی سرکاری میڈیا رپورٹ کی تردید کی ہے۔ خامنہ ای نے کہا دعا کرتے ہیں وہ خیریت سے ہوں۔ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے پر  صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے بیانات سامنے آئے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر لوگوں کے ہیلی کاپٹر سے متعلق خبر پر گہری تشویش ہے۔ صدر رئیسی کی صحت و سلامتی کے لیے دل سے دعا گو ہوں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے متعلق افسوسناک خبر  سنی۔  وزیراعظم نے کہا کہ بے چینی سے اچھی خبر کا انتظار ہے کہ سب ٹھیک ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری نیک خواہشات ایرانی صدر اور قوم کے ساتھ  ہیں۔ خیال رہے کہ ایران اور آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کے افتتاح کی تقریب سے واپسی پر ایرانی صدر کے  ہیلی کاپٹر کی مشرقی آذربائیجان صوبے میں حادثے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ایرانی نائب صدر برائے ایگزیکٹو امور محسن منصوری نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کے وفد میں شامل دو افراد نے ریسکیو ٹیم سے رابطہ کر لیا ہے۔ لاپتہ ایرانی صدر کی تلاش کیلئے ترکیہ کی ریسکیو ٹیم بھی ایران پہنچ گئی۔ 32 رکنی ریسکیو ٹیم کے ساتھ نائٹ ویژن ہیلی کاپٹر بھی ہیں۔ ترکیہ کی ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ کے قریب پہنچنے کا دعویٰ کیا ہے۔روس‘ یو اے ای‘ قطر‘عراق اور ترکیہ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی تلاش میں ہر قسم کی مدد دینے کی پیشکش کر دی۔ روسی میڈیا کے مطابق روس نے ہیلی کاپٹر کی تلاش اور وجوہات کی تفتیش کیلئے مدد کی پیشکش کی ہے۔ ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق ایران کی درخواست پر یورپی کمشن نے سیٹلائٹ میپنگ سروس ایکٹو کر دی ہے۔امریکہ نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی اطلاعات دیکھ رہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ صورتحال پر صدر جوبائیڈن کو بریف کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایرانی صدر اور وفد کی خیریت کیلئے دعاگو ہیں۔ایرانی کمانڈر نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے والے علاقے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ امید ہے خوشخبری سنائیں گے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی فوج کو ہیلی کاپٹر اور ایک فلائٹ کریو ممبر کے موبائل فون سے سگنل ملے ہیں۔ ایران نائب وزیر خارجہ ہم نے ’’تبریز امام‘‘ سے رابطہ کیا جو صدر کے ساتھ ایک ہی ہیلی کاپٹر میں موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حالت خراب ہے مگر وہ ایمبولینس کی آوازیں سن سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن