صدر زرداری سیاسی استحکام، اداروں میں مفاہمت کیلئے کردار ادا کریں: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال میں مفاہمت کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال کی بہتری کیلئے سیاسی استحکام اور اداروں کے درمیان مفاہمت ہونی ضروری ہے، سیاسی استحکام سے جو کوششیں SIFC کے ذریعے معاشی استحکام کیلئے ہو رہی ہیں ان میں بہتری آئے گی۔ سپہ سالار قوم جنرل حافظ سید عاصم منیر اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف معاشی استحکام کیلئے جو کوششیں کر رہے ہیں ان کو مضبوط اور مربوط بنانے کیلئے مفاہمت اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے اور تصادم اور محاذ آرائی ختم ہونی چاہیے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں قدم بڑھائیں اور ملک میں مذاکرات اور مفاہمت کا راستہ ہموار کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور اداروں کے درمیان کشیدگی کسی صورت مناسب نہیں قوم یہ سوال بڑے ادب سے کرتی ہے کہ 9 مئی کے مجرمین کو ابھی تک سزا کیوں نہیں ملی؟۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کرغزستان واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا پر بچیوں کے ساتھ ریپ اور طلبہ کے قتل و غارت کی جھوٹی خبروں سے والدین پریشان ہوئے۔ محسن نقوی ایف آئی اے کے ذریعے ایسے لوگوں کو گرفت میں لائیں۔ حافظ محمد طاہر اشرفی نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جو حاجی حج کے لئے جاتے ہیں وہ سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واریت سے گریز کریں۔