• news

بنک حکومت کے ساتھ ملکر معیشت کی بحالی میں کردار ادا کرتے رہیں گے: وزیر خزانہ

 اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی ہے کہ بینک حکومت کے ساتھ مل کر معیشت کی بحالی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب سے آن لائن ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان کے تین اہم شعبوں زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) اور ڈیجیٹل و ٹیکنالوجی کے لیے بینکوں کی معاونت کو بڑھانا تھا۔ اس موقع پر ملک میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے بینکنگ سیکٹر کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد پورے بینکاری شعبے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ بینکس اپنے حجم اور منفرد پیشکشوں و صلاحیتوں کے مطابق ان ترجیحی شعبے کی ترقی میں معاونت کر سکیں۔ مجوزہ شعبوں میں’’براہ راست قرض‘‘ دینے کے بجائے، بینکوں اور ریگولیٹر رضاکارانہ طور پر اہداف مقرر کریں گے تاکہ ان اہم شعبوں کی معاونت کی جا سکے۔ اجلاس میں چیئرمین پی بی اے ظفر مسعود، سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران بشمول وائس چیئرمین پی بی اے احمد بوزئی، سی ای او اور سیکرٹری جنرل پی بی اے منیر کمال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر (فنانشل انکلوژن گروپ) سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سید عرفان علی اور میزان بینک کے صدر اور سی ای او عرفان صدیقی نے ان اہم شعبوں میں ترقی اور پائیداری کو فروغ دینے کے لیے جامع سفارشات پیش کیں۔ یہ تجاویز سٹیٹ بینک کی مشاورت سے تیار کی گئی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹا جاسکے اور مواقع کو اجاگر کیا جاسکے۔ زرعی شعبے کی اہم سفارشات میں دیگر اقدامات کے علاوہ فصلوں کے لیے قرض کی انشورنس سکیموں کی تنظیم نو، زرعی کوآپریٹو بینکوں کی بحالی اور زرعی کوآپریٹو قرض دینے والے اداروں کے قیام میں سہولت کے لیے صوبائی زرعی کوآپریٹو قوانین کو اپ گریڈ کرنا شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن