چودھری سالک نے عمرہ کر لیا‘ پاکستان حج مشن کا کردار مثالی: وفاقی وزیر
مکہ مکرمہ + اسلام آباد (ممتاز احمد بڈانی+ خبر نگار) وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے سعادت عمرہ کے بعد پاکستان حج مشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حج مشن عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثالی کام کر رہا ہے۔ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ عازمین حج کی سہولت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ڈی جی حج نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن بریگیڈیئر جمیل لاکھیر، ڈائریکٹر معاونین اصغر یوسفزئی اور دیگر افسر اجلاس میں موجود تھے۔ اس سے پہلے پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ پہنچنے پر ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے مکہ مکرمہ میں منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کا دورہ کیا اور پاکستانی عازمین کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ چوہدری سالک نے کہا کہ پاکستانی عازمین کو حج کے دوران بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ اب تک 93 پروازوں کے ذریعے 22 ہزار 696 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے۔ سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے 11 ہزار سے زائد عازمین کی ریاض الجنہ کی زیارت مکمل ہو چکی۔ عازمین حج کے اولین قافلے 8 روزہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ کی جانب عازم سفر ہیں۔ پاکستان سے براہ راست جدہ کی حج پروازوں کا آغاز 23 مئی سے ہو گا۔