مردان: انجینئرنگ کے طلبہ نے 10 سیکنڈ میں ہوائی فائرنگ کے مقام کا پتہ لگانے والا سافٹ ویئر، سنسر سے چلنے والی ویل چیئر تیار کر لی
مردان (نیٹ نیوز) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان میں سائنس میلہ لگایا گیا جس میں طلباء وطالبات نے اپنے ایجاد کردہ نت نئے سائنسی آلات کے ڈیزائنز کی نمائش کی۔ کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر انجینئرنگ کے فائنل ائیر کے طلباء نے اپنا ایک پراجیکٹ دکھاتے ہوئے بتایا کہ اس کے ذریعے ہوائی فائرنگ کے مقام کا پتہ چل سکے گا کیونکہ پاکستان بالخصوص خیبر پی کے میں شادی بیاہ کے موقع پر ہوائی فائرنگ اکثر جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔ پراجیکٹ کو پولیس تھانوں میں نصب کرنے سے گولی چلنے کے 10 سیکنڈ میں اس مقام کا پتہ چلے گا۔ طلباء نے ایک ایسی ویل چیئر بھی تیار کی ہے جو پیروں کے ساتھ ساتھ ہاتھوں سے بھی معذور افراد استعمال کر سکیں گے، یہ کرسی بلوٹوتھ اور سنسر کی مدد سے مریض کے ذہن کے تحت حرکت کرے گی۔