مقبوضہ کشمیر: بھارتی میجر کی خودکشی، 2 فوجی جھیل میں ڈوب گئے
سری نگر (نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں جموں سرحد پر تعینات بھارتی فوج کے میجر نے گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ دو فوجی اہلکار جھیل میں ڈوب گئے۔ اہل خانہ کے مطابق میجر مبارک سنگھ پڈا نے جموں کے علاقے میں قائم فوجی بیس کے اپنے کمرے میں خود کو بند کر کے سرکاری رائفل سے خودکشی کر لی۔ اُن کے کمرے سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا اور نہ ہی انہیں کوئی ذہنی مسائل تھے۔ بھارتی فوج کے ترجمان نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو پندرہ روز میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی۔ تاہم ماضی میں ایسی کسی انکوائری کی کوئی رپورٹ کبھی منظر عام پر نہیں آسکی۔ میجر مبارک سنگھ پڈا کا تعلق جالندھر سے تھا ان کی لاش ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کر دی گئی۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث بھارتی فوجیوں میں خودکشی کے واقعات عام ہیں۔ 2007ء سے اعداد و شمار کے مطابق ایسے واقعات کی تعداد 600 سے تجاویز کر گئی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے میں ایک جھیل میں ڈوب کر بھارتی بارڈر فورس کے 2 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جموں کے علاقے میں تاوی جھیل سے 2 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جن کی شناخت 20 سالہ ابھیشک ٹھاکر اور 19 سالہ راجندر سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں چھٹیوں پر تھے۔ اور قریبی جھیل میں نہانے کے لیے گئے تھے۔ جھیل کے باہر ان کے کپڑے موجود تھے جس پر علاقہ مکینوں نے تلاش شروع کی۔ راجندر سنگھ کی لاش جلد ہی مل گئی البتہ ابھیشک ٹھاکر کی لاش کافی دور جا کر ملی۔