اوکاڑہ میں پولیس مقابلہ، 2 خطرناک ڈاکو ہلاک، ریٹائرڈ سب انسپکٹر شہید
اوکاڑہ (نامہ گار) دن دیہاڑے پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک ریٹائرڈ سب انسپکٹر شہید ہو گیا۔ تھانہ بی ڈویژن کی حدود بستی مہردین کے قریب ڈولفن اہلکاروں نے ایک مشکوک موٹرسائیکل کو روکنے کی کوشش کی تو وہ فرار ہونے لگے۔ ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے تعاقب کیا توڈاکو ریٹائرڈ سب انسپکٹر راؤ شاہد کے گھر گھس گئے اور ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر ریٹائرڈ سب انسپکٹر کے بچوں سمیت اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔ ڈولفن پولیس کے اہلکاروں نے وائرلیس چلا دی جس پر ڈی پی او طارق عزیز، ایس پی ملک داؤد اور تھانہ بی ڈویژن کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ڈاکوؤں اور پولیس میں مورچہ بند فائرنگ ہوتی رہی۔ اس دوران ریٹائرڈ سب انسپکٹر راؤ شاہد نے ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا اور فرار ہونے کی کوشش کی کہ پولیس سے کراس فائرنگ میں دونوں ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ زخمی ریٹائرڈ سب انسپکٹر کو ہسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو ریٹائرڈ سب انسپکٹر کے اہل خانہ سے ملے اور ان سے اظہار تعزیت کیا۔ ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی شناخت ہو گئی۔ نوید ماچھی ساکن 54 ٹو ایل اوکاڑہ، ارشاد ماچھی ساکن 16/4-L کسووال ضلع ساہیوال کے نام سے ہوئی۔ نوید 28 سنگین مقدمات میں ملوث جبکہ ارشاد 9 مقدمات میں ملوث تھا۔