انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹی ٹونٹی پرسوں، ویوین رچرڈز کو قومی ٹیم کا مینٹور بنائے جانے کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان چار ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 22مئی کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائیگا۔ پاکستانی ٹیم نے دو روزہ پریکٹس کے بعد گزشتہ روز آرام کیا ۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے ٹیم ہوٹل میں پاکستان مینز کرکٹرز نے لیڈز میں ملاقات کی ۔ کپتان بابراعظم، سینئر منیجر وہاب ریاض، شاہین آفریدی اور دیگر کھلاڑیوں نے پاکستان ویمنز کرکٹرز کا حوصلہ بڑھایا اور دورہ انگلینڈ میں بقیہ میچز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹرفخر زمان نے کہا ہے کہ جب سے پاکستان کیلئے کھیلنا شروع کیا تو ہمیشہ جارحانہ انداز ہی اپنایا۔ بیٹنگ کے دوران میری ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ ساتھی کھلاڑی کیلئے آسانیاں پیداکروں ۔ اب بھی میرا کردار وہی ہے۔میچ میں صورتحال کے مطابق کھیلنا حکمت عملی ہوتی ہے ۔ ذاتی کارکردگی کی بجائے قومی ٹیم کو جتوانے پر توجہ مرکوز ہوتی ہے ۔ انگلینڈ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران اچھا پرفارم کریں گے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کیلئے مینٹور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈری بیٹرسر آئزک ویوین الیگزینڈر رچرڈز عرف سر ویو رچرڈز سے رابطے میں ہے اور انہیں قومی ٹیم کا مینٹور بننے کی پیشکش کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سر ویو رچرڈز سے معاملات جلد طے پاجانے کا امکان ہے۔ سر ویو رچرڈز کو مینٹور بنانے سے کیریبئن کنڈیشنز پر ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے دوران پاکستانی ٹیم کو مدد ملے گی۔