پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن ‘کراچی کے صدر معطل ‘9دنوں میں انتخابات کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے اپنی صفوں میں سالمیت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کیلئے فیصلہ کن اقدام اٹھاتے ہوئے اہم جنرل کونسل کی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ میٹنگ میں کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان کو ضابطہ کی خلاف ورزیوں اور غیر مناسب رویہ کی بنیاد پر معطل کر دیا گیا۔ میٹنگ میں موجود غلام محمد خان نے اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا، معذرت کی اور سینئر نائب صدر محمد یعقوب کو عبوری جانشین کے طور پر تجویز کیا۔پی بی بی ایف کونسل نے 20 ر وز کے اندر ایک کمیٹی کے قیام کی توثیق بھی کی۔ اس کمیٹی کو کراچی کے کلبوں کی جانچ پڑتال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، تاکہ آئندہ 9 دنوں میں کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے شفاف انتخابات کا راستہ ہموار کیا جا سکے، سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات منعقد ہوں گے۔کونسل نے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے دو عہدیداروں، ظفر اقبال اور زین العابدین پر انٹر ڈویژنل باسکٹ بال چیمپئن شپ گریڈ بی جو کہ کوئٹہ میں کھیلی گئی کے دوران گالم گلوچ اور بد تمیزی کی بنا پر تین سال کی پابندی اور جرمانہ عائد کیا۔ خانیوال سے تعلق رکھنے والے عثمان پراچہ پر فیڈریشن کی جھوٹی نمائندگی متعدد بے ضابطگیوں اور غلط رویہ کی بنا پر پابندی عائد کی گئی۔