• news

شدید گرمی کی لہر، پنجاب میں الرٹ جاری، تعلیمی ادارے 25 مئی سے بند

لاہور+ اسلام آباد (لیڈی رپورٹر+جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) نے راولپنڈی سمیت پنجاب میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا۔ درجہ حرارت 45 ڈگری جانے کا امکان ہے جس کے لئے پنجاب کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔  پنجاب کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت 25 مئی سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ فصلوں کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں۔ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی حکومت نے پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے 25 سے 31 مئی تک بند رکھنے کانوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ گرمیوں کی تعطیلات بھی یکم جون سے 14 اگست تک ہوں گی، جس کا نوٹیفکیشن پہلے سے ہو چکا۔ دریں اثناء درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلگت بلتستان اور خیبر پی کے تھانہ چک جھمرہ کے علاقوں میں گلیشیئر سے بنی جھیلیں پھٹنے کا بھی خدشہ لاحق ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 21 تا 27 مئی گلگت بلتستان اور خیبرپی کے میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زائد رہے گا۔ درجہ حرارت بڑھنے سے فلیش فلڈز آنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ گلگت بلتستان اور چترال کے علاقوں میں برفانی جھیلیں پھٹنے سے سیلاب آسکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ، مقامی تنظیموں اور مقامی آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن