• news

پاکستان ترکیہ کا دفاعی تعاون جاری ،تجارت 5ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعادہ

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+خبرنگار ) وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیر اعظم سے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاکان فدان نے یہاں ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کاحجم بہترین باہمی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں۔ وزیرِاعظم نے آئندہ تین برس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی صنعتوں کو منتقل کرنے کیلئے دعوت دے رہے ہیں۔  ترک صدر رجب طیب اردوان کی قیام امن کیلئے غزہ میں مکمل جنگ بندی کی حمایت کی تعریف کی۔وزیرِ اعظم نے مشرقِ وسطی میں مستقل امن کیلئے دو ریاستی حل کی کلیدی اہمیت پر زور دیا۔ترک صدر رجب طیب اردگان کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے 7 ویں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت کا پیغام بھی دیا۔ دوسری طرف  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو اسلام آباد میں ترک وزیر خارجہ حاکان فدان سے وفود کی سطح پر بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت باہمی  دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان ترک ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے آئندہ اجلاس کے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ترک وزیر خارجہ حاکان فدان نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ترک  صدر طیب اردگان کے بین الاقوامی سطح پر امت مسلمہ کے لیے فعال کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ ترک تاجر پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے پر بھی زور دیا۔ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر حکومت ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر بمباری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر سینیٹرز عرفان صدیقی، شیری رحمان اور سیکریٹری سینیٹ، سید حسنین حیدر بھی موجود تھے۔  علاوہ ازیں  آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے ملاقات۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف اور ترکیہ کے وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک وزیر خارجہ ہکان فدان نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں ممالک نے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر قائم گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن