• news

ہیلی کاپٹر حادثہ: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 7ساتھیوں سمیت جاں بحق

تہران‘  اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ +ایجنسیاں+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار خصوصی) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، ان کے چیف گارڈ، وزیر خارجہ، مشرقی آذربائیجان کے گورنر، آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندہ خصوصی، اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ ایرانی وزیر داخلہ نے لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور ایک گھنے جنگل میں ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام نعشیں بری طرح جل گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کچھ نعشیں  شناخت ہوگئیں۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان کی شناخت پائلٹ کرنل سید طاہر مصطفوی، پائلٹ کرنل محسن دریانوش اور فلائٹ ٹیکنیشن میجر بہروزش کے نام سے ہوئی۔ علاوہ ازیں ہیلی کاپٹر میں صدر ابراہیم رئیسی کے محافظوں کی ٹیم کے چیف گارڈ سردار سید مہدی یوسفی بھی موجود تھے۔ ہیلی کاپٹر میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ صوبے مشرقی آذر بائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان محمد علی آل ہاشم بھی سوار تھے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ملک بھر میں 5 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا اور نائب صدر محمد مخبر کو 2 ماہ کے لیے عبوری صدر مقرر کردیا۔ ایران کے پاس صدارتی الیکشن کرانے کے لیے زیادہ سے زیادہ 50 روز ہوں گے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر علی خامنہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں پانچ روزہ عوامی سوگ کا اعلان کرتا ہوں اور ایران کے پیارے لوگوںسے تعزیت کرتا ہوں۔ جبکہ وزیر اعظم شہبازشریف کے حکم پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے پر پاکستان میں 20 مئی کو یوم سوگ منایا گیا۔ پاکستان کا قومی پرچم سرنگوں رہا،  شہبازشریف نے کہا پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے مسلم امہ کے لیے ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے، عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا، ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔  رئیسی ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کو خاص مقام دیتے تھے، صدر رئیسی کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔  اللہ تعالی ان کی روح کو سکون عطا فرمائے، اللہ تعالی ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے ابراہیم رئیسی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اس بڑے نقصان پر ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ پر ایرانی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر دلی رنج اور صدمہ ہوا، ہم ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کے وقت ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔ عمر ایوب نے افسوس کرتے کہا امت مسلمہ ایک عظیم اور دلیر لیڈر اور پاکستان ایک مخلص دوست سے محروم ہو گیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے تعزیت کرتے کہا اس دکھ کی گھڑی میں پاکستان اور جماعت اسلامی ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ترک ڈرون نے تپش موجود ہونے کا مقام ڈھونڈا جس کے بعد ایرانی حکام کو آگاہ کیا۔ ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث دیزمر جنگل میں کریش ہوا۔ میڈیا کے مطابق شدید دھند اور بارش کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دے دیا۔ سرکاری میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی ذمہ داری امریکی پابندیوں پر عائد ہوتی ہے۔ امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ایوی ایشن انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام امریکی حکومت کے جرائم کو فراموش نہیں کریں گے۔  ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، روس، چین، آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کی جانب سے ایرانی حکام سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہم ملوث نہیں ہیں۔ ایرانی میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور گورنر تبریز کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا جسد خاکی بھی جائے حادثہ سے مل گیا ہے جسے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ آج تبریز شہر میں ہو گی‘ عالمی رہنما شریک ہوں گے۔  رئیسی کی میت کو تہران لیکر جایا جائے گا، ان کے آبائی شہر مشہد میں تدفین کی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سفیر سے ملاقات کر کے ابراہیم رئیسی ‘ وزیر خارجہ عبداللہیان کی ناگہانی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اپنے بھائی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ پہنچا ہے‘ ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے۔ پاکستان نے آج ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلیٰ خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھو دیا۔ ابراہیم رئیسی کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے۔ بلاول بھٹو نے کہا ایرانی عوام سے تعزیت کرتا ہوں‘ ایرانی بہن بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ افسوسناک واقعہ پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔ تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثہ پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء  کی ناگہانی موت پر ایرانی قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ابراہیم رئیسی مسلم امہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے۔  وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چودھری انوارالحق نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت دیگر ساتھیوں کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق  ہونے پر ایک روزہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ آج کے دن آزادکشمیر کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ وزیراعظم نے اس  ہیلی کاپٹر حادثہ میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر افراد کی  وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔  بانی تحریک انصاف عمران خان نے ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی وفات کا سن کر نہایت دکھ ہوا۔ غم اور آزمائش کی اس گھڑی میں ہم ایران اور اس کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا حسن مقدسی نے تعزیت کرتے ہوئے کہا عالم اسلام بڑے لیڈر سے محروم ہو گیا۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں اپنے برادر ہمسایہ ایران کے ساتھ ہے،  میں نے ہمیشہ وزیر خارجہ عبداللہیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور ان کا احترام کیا۔ ہماری دعائیں اور ہمدردی ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے انتقال کی المناک خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔  اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے۔ بیرسٹرگوہر خان نے کہا کہ لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ہم ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا ایرانی قوم کیلئے رئیسی کی خدمات یاد رکھیں جائیں گی ۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر رو پڑے اور کہا اپنا بڑا بھائی اور مدد گار کھو دیا ہے۔ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان،  ترجمان حماس، حوثی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ  علی الحوثی نے ایران سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ایرانی آرمی چیف نے اعلان کیا صدر کے ہیلی کاپٹر حادثہ کی تحقیقات ہوں گی۔ علی باقری کو قائم مقام وزیر خارجہ مقرر کر دیا گیا۔ آئی اے ای اے نے ایرانی صدر اور رفقا کی حادثاتی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ایٹمی توانائی ایجنسی کے اجلاس میں شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔ سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سندھ اسمبلی اجلاس آج کا ایجنڈا بدھ تک ملتوی کر دیا گیا۔ اسمبلی فلور پر صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ایرانی صدر کے انتقال کے سبب آج کی کارروائی متلوی کی جائے۔ سندھ اسمبلی میں ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد وزیر داخلہ و پارلیمانی امور ضیاء لنجار نے پیش کی۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ ایرانی حکام کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی کے حادثے کے مقام کا تعین ایرانی ڈرونز کی مدد سے کیا گیا ہے۔ امریکہ نے ایران کے صدر ابراہیم  رئیسی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ انسانی حقوق، بنیادی آزادی کیلئے جدوجہد پر ایران کے عوام کی حمایت کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن