ایرانی صدر طیارہ حادثہ،پاکستان ایک اچھے دوست سے محروم ہوگیا:میاں جمیل
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمدجمیل نے ایرانی صدر کے طیارہ حادثہ پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اچھے دوست سے محروم ہوگیا۔ ابراہیم رئیسی کے دورمیں عرب دنیا کے ساتھ ایران کے تعلقات کافی بہتر ہوئے۔ بالخصوص طویل عرصے بعدسعودی عرب ایران کے سفارتی تعلقات بحال ہوئے جس کا پورے عالم اسلام میں زبردست خیرمقدم کیا گیا تھا۔ ضرورت ہے کہ اتحاد عالم اسلام کا مشن جاری رکھا جائے۔ مسلم دنیا فروعی مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہو جائے۔ وقت آگیا ہے کہ ’’پان اسلام ازم‘‘ کے خواب کو حقیقی تعبیردی جائے۔پورا عالم متحد ہوکر فلسطین اورکشمیر کے مظلوموں کی آوازبنے۔ پاکستان کے عوام ایرانیوں کے غم میں برابر شریک ہیں ۔