یونیورسٹی آف لاہور میں آثار قدیمہ کو محفوظ بنانے کیلئے پہلی انٹرنیشنل کانفرنس
لاہور(کامرس رپورٹر)دی یونیورسٹی آف لاہور کی پہلی انٹرنیشنل کانفرنس آ ن ہیرٹیج اینڈکلچرل کنزرویشن میں ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں چیئر مین بورڈ آف گورنرز دی یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف، ماہر قانون اعتزاز احسن، عائشہ خان، نجم ثاقب، خواجہ توصیف، جیفری مورگن، جوہیتھم مارک، نوید شیر وانی، ایلینی گلیکاس، رنڈالا سمیت ڈاکٹرز‘ پروفیسرز، مقررین اور ماہرین آثار قدیمہ نے شر کت کی۔ ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری نے کہا ہمیں ملک کامثبت اور ثقافتی امیج پوری دنیا کو دکھانا ہے اور اس سلسلے میں والڈ سٹی لاہور کے ورثے کو محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ ہمارے ملک میں ایسے آثار قدیمہ کے منفرد مقامات موجود ہیں جن پر تھوڑی سی توجہ دیکر عالمی سیاحت کو اپنی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔ اویس رئوف نے کہا اس کانفرنس کامقصد پاکستان میں موجود آثار قدیمہ کو محفوظ بناکر سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ یونیورسٹی آف لاہور میں اگلے 3ماہ کے اندر پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ شرو ع کر رہے جس میں بوسٹن یونیورسٹی کے پروفیسرز کا اشتراک ہوگا۔
کانفرنس میں آثار قدیمہ سے متعلق مباحثوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ماہرین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اختتام پر مہمان خصوصی کامران لاشاری نے اعتزاز احسن ، ملکی وغیرملکی مقررین میں شیلڈز تقسیم کیں۔