بی او پی اور ایل جی آئی ایس ای خصوصی تعلیم کو مضبوط بنانے کیلئے متحد
لاہور (کامرس رپورٹر) بینک آف پنجاب نے لاہور گیریژن انسٹی ٹیوٹ فار اسپیشل ایجوکیشن (LGISE) کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کیے جس کے تحت خصوصی طلباء کی تعلیم اوربہبودکیلئے سالانہ مالی معاونت فراہم کی جا سکے گی۔تقریب لاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم سیکرٹریٹ میں ہوئی۔چیئرمین ایل جی ای ایس میجر جنرل(ر) سعید احمد ناگرہ، سی ای او - بی او پی ظفر مسعود، چیف آف سٹاف اینڈ سٹریٹجی رضا بشیر، سیکرٹری ایل جی ای ایس بریگیڈیئر (ر) جاوید شاہد‘ پرنسپل ایل جی آئی ایس ای مسز زیب النساء اور دونوں اداروں کے ممبران نے شرکت کی۔ میجر جنرل (ر)سعید احمد ناگرا نے اظہار تشکر کرتے کہا ایل جی آئی ایس ای خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ بینک آف پنجاب کی امداد ہماری خدمات اور انفراسٹرکچر کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ ظفر مسعود نے کہا بینک آف پنجاب خصوصی تعلیم تک رسائی کو بڑھانے میں ایل جی آئی ایس ای کی کوششوں کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔
یہ شراکت داری تعلیم کے میدان میں ایک دیرپا اثر ڈالنے کی کوشش کرتی ہے جو بینک آف پنجاب کے نعرے ’’ہر فرد کا خیال‘‘ کیساتھ ہم آہنگ ہے۔