بھرتی مقدمے میں پرویزالٰہی کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ، جلاؤ گھیراؤ کی درخواست نمٹا دی
لاہور (خبرنگار) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے9 مئی جلائو گھیرائو اور جناح ہاؤس کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت قبل از وقت قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پرویز الہٰی کو مقدمے میں گرفتار ہی نہیں کیا گیا، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ خدشہ ہے پرویز الٰہی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کرلیا جائے گا۔ عدالت جناح ہاؤس حملہ کیس میں چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں پرویز الٰہی کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ وکیل عامر سعید راں نے موقف اپنایا کہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ دو سال کی تاخیر سے درج کیا، کسی امیدوار سے بھرتی کی رقم پرویز الہی نے وصول نہیں کی، پرویز الٰہی کا اس بھرتی سے کوئی تعلق نہیں تھا، اینٹی کرپشن نے پرویز الٰہی کے گھر سے جعلی ریکوری ڈالی۔ وکیل اینٹی کرپشن نے کہا کہ پرویز الٰہی پر مقدمہ قانون کے مطابق درج کیا گیا، پرویز الٰہی کو25 اکتوبر 2023 کو گرفتار کیا گیا۔