گورنرپنجاب کی مزارقائد پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائی
کراچی (سٹاف رپورٹر)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر نے پیر کو بانی پاکستان قائداعظم کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ‘ فاتحہ خوانی کی۔انہوں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر کامران خان ٹیسوری سے بھی ملاقات کی۔ مزار قائد پرگورنر پنجاب نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ گورنر پنجاب کاحلف لینے کے بعد یہ لازم تھا کہ مزار قائد پرآئوں ۔اس لیے میں نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قائد شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے مزار پر بھی جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان کے محب وطن شہری ہیں۔صدر پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر اکٹھاکرنے کا مشورہ دیا ہے۔مولانا صاحب کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے ملک کا نقصان ہو۔ اپنے تحفظات حکومت کے سامنے رکھیں، مسائل کا حل بات چیت سے نکلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میںسندھ کے گورنر کو ان کی عوامی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پنجاب کا گورنر ہاؤس بھی عام لوگوں کے لیے کھلا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے انتشار کی سیاست کرتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی سیاستدانوں سے ہاتھ نہ ملاکر ملک کو انتشار کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔یہ پاکستان ہے تو پی ٹی آئی ہے ورنہ کچھ بھی نہیں ہے۔