ا قتصادی شرح نمو کے تعین کیلئے این اے سی کا اجلاس آج ہوگا
لاہور( این این آئی)ا قتصادی شرح نمو کے تعین کیلئے نیشنل اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس آج ( منگل) کے روز منعقد ہوگا جس میں معاشی ترقی کے رواں مالی سال کے عبوری اعداد وشمار کا تخمینہ پیش کیا جائے گا۔ میڈیا رپرٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس سیکرٹری منصوبہ بندی اور چیف شماریات کی زیر صدارت ہوگا جس میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوں گے۔ نیشنل اکائونٹس کمیٹی کے 28مارچ کے اجلاس میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے اعدادوشمار کے تخمینہ جات کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت پہلی ششمائی میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 1.75فیصد ہوئی جس میں پہلی سہ ماہی میں 2.50فیصد اور دوسری سہ ماہی میں ایک فیصد ہو ئی۔ نیشنل اکائونٹس کمیٹی کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں زرعی شعبے کی شرح نمو 5.02فیصد، صنعت کی شرح نمو منفی 0.84فیصد اور خدمات کے شعبے کی گروتھ 0.01فیصد رہی ۔اجلاس میںرواں مالی سال کے مجموعی عبوری معاشی اعداد وشمار کے تخمینہ جات کی منظوری دی جائے گی۔