سردار تنویر الیاس کی مدعی مقدمہ کے ساتھ صلح کے بعد ضمانت منظور
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے سابق وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف نجی مال کے سیکیورٹی انچارج پر تشدد اور تالے توڑنے پر درج مقدمہ میں مدعی مقدمہ کے ساتھ صلح کے بعد ضمانت منظور کر لی ۔ گزشتہ روز سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا ، سردار تنویر الیاس کے وکیل سردار شوکت حیات نے موقف اپنایا کہ دونوں فریقین میں سمجھوتہ ہو گیا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل کر دیتے ہیں اور آپ ضمانت کی درخواست دائر کر دیں مدعی مقدمہ ٹیپو سلطان نے عدالت پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروایا مدعی مقدمہ اور سردار تنویر الیاس کے درمیان صلح نامہ پر دستخط کروائے جس کے بعد عدالت نے سردار تنویر الیاس کی 50ہزار مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی ۔