• news

ایران میں سوگ، 28 جون کو صدارتی الیکشن، شہباز شریف آج تہران جائینگے، سینٹ، کابینہ، خیبر پی کے اسمبلی میں تعزیتی قراردادیں

اسلام آباد+ تہران (آئی این پی+ نیٹ نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ابراہیم ریئسی جید عالم اور صاحب بصیرت رہنما تھے۔ پاکستان نے مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھو دیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا، جس میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور ان کے رفقاء کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم غم کی گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کے انتقال پر قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان انتہائی شاندار اور تاریخی تھا۔ دورے پر دو طرفہ تجارتی حجم 10ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔  ان کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے سنگ میل تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی عوام کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایرانی صدر ابراہیم ریئسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کی رفقاء  کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر تعزیتی قرارداد بھی منظورکی گئی۔ شہباز شریف صدر رئیسی اور دیگر کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آج ایران جائیں گے۔ ایران میں 5 روزہ سوگ ہے۔ صدر اور رفقاء کی تجہیز وتکفین کا تبریز میں آغاز ہو گیا۔ ہزاروں ایرانیوں نے شرکت کی۔ بعض ذرائع کے مطابق نماز جنازہ تہران میں ادا کی جائے گی۔ سپریم لیڈر علی خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ کیسے اور کیوں پیش آیا؟ تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی چیف آف سٹاف کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر کر رہے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی میں فوجی افسر اور تکنیکی ماہرین بھی شامل ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی نے جائے حادثہ پہنچ کر ہر زاویے سے تفتیش شروع کر دی۔  تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر تباہ ہونے  کی وجوہات جاننے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ ابراہیم رئیسی کی میت مشہد لے جائی جائے گی اور کل جمعرات کو ان کی تدفین ہو گی۔ آیت اللہ آل ہاشم کی تدفین جمعہ کو تبریز میں ہو گی۔ آج ایران میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ امام رضاؒ  کے روضے  پر سیاہ پرچم لہرا دیا گیا۔ تعزیتی اجتماعات جاری ہیں۔ تہران، نجف، تبریز میں سوگواروں کی بڑی تعداد نے اپنے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لبنان میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ عبوری صدر محمد مخبر نے 28 جون کو صدارتی الیکشن کا اعلان کر دیا۔ امیدواروں کی رجسٹریشن 30 مئی سے 3 جون تک ہو گی، مہم 12 سے 27 جون تک چلائی جائی گی۔ ڈیزاسٹرمینجمنٹ ٹیم کے سربراہ حسن نے بتایا تمام  نعش جلی ہوئی تھیں۔ ڈی این اے کی ضرورت نہیں۔ محمد علی آل ہاشم کی نعش بہتر حالت میں ملی، وہ حادثہ کے ایک گھنٹے بعد تک زندہ رہے۔ سینٹ اجلاس میں ایرانی صدر کے انتقال پر اظہار افسوس کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صدر رئیسی مسلم امہ کے اہم رہنما اور پاکستان کے دوست تھے۔ صدر رئیسی کا انتقال پوری امہ کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ خیبر پی کے اسمبلی میں ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں غمزدہ خاندانوں اور ایرانی عوام سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مشکل وقت میں ایرانی صدر نے اہم کردار ادا کیا۔ ایرانی صدر نے فلسطین پر اس وقت آواز اٹھائی جب امت مسلمہ سو رہی تھی۔ 

ای پیپر-دی نیشن