• news

عالمی حالات جو بھی رہے، چین ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہا: چینی سفیر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چینی سفیر جیانگ ژو ڈونگ نے کہا ہے کہ 1951ء میں سفارتی تعلقات سے لیکر آج تک پاک چین دوستی میں وقت کے ساتھ ساتھ مضبوطی اور گہرائی آتی گئی ہے۔ دنیا کے جو بھی سیاسی و معاشی حالات رہے ان دونوں ممالک کی دوستی ہر موسم میں قائم و دائم اور ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ پاک چین سفارتی تعلقات کی 73 ویں سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ گزرے 73 برسوں کے دوران دونوں ملکوں کی دوستی کا درخت  بہت بلند ہو چکا جس کی گہری جڑیں دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں ہیں۔ اس دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں نے قریبی رشتہ داروں کی طرح ایک دوسرے ملک کے دورے کئے۔ 2015ء میں صدر شی جن پنگ کے دورہ سے اس آزمودہ دوستی کو نئی جہت ملی۔ سی پیک اور گوادر تعاون نے دونوں ممالک کے عوام کو مشترکہ مستقبل کے بندھن میں باندھ دیا۔ چین نے پاکستان میں 25.4  ارب ڈالر کی براہ راست  سرمایہ کاری کی جس سے 2 لاکھ 36 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ 510 کلو میٹر طویل ہائی ویز بنائے گئے جبکہ 8000 میگا واٹ بجلی کے کارخانے لگائے گئے۔ دونوں ممالک ترقی پذیر ہیں اور اپنے عوام کی زندگی میں بہتری لانے اور معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ عالمی حالات جو بھی رہے چین ہمیشہ ضرورت کے وقت پاکستان کی پشت  پر کھڑا رہا اور ہمیشہ پاکستان کی مدد کی۔ پاکستان نے ہمیشہ تائیوان پر چین کے مؤقف اور ون چائنا پالیسی کی حمایت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن