• news

طلبہ کے مسائل پر گفتگو کیلئے اسحاق ڈار کرغزستان پہنچ گئے

بشکیک‘ آستانہ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی+ این این آئی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار دورہ کرغزستان کے دوران بشکیک پہنچ گئے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو کرغزستان کے وزیر خارجہ زین بیک کلوبایف نے کرغز جمہوریہ کے دورے کی دعوت دی تھی۔ دونوں وزراء  نے آستانہ سے بشکیک تک ایک ساتھ سفر کیا۔ اسحاق ڈار پاکستانی شہریوں کے تحفظات اور طلبہ کو درپیش حالیہ مسائل پر بات کریں گے۔ نائب وزیر اعظم کی پاکستانی شہریوں اور واقعات میں زخمی ہونے والے افراد سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ قبل ازیں آستانہ میں سنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 1967سے پہلے کی پوزیشن پر فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کے حادثاتی انتقال پر رنجیدہ ہیں، ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں شریک ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا  کہ ایس سی او ایک اہم علاقائی فورم ہے، ایس سی او کی وزرائے خارجہ کونسل کا قیام بہت اہم ہے، ایس سی او میں شامل ممالک کے ایک دوسرے سے تاریخی ثقافتی وسفارتی تعلقات ہیں، ایس سی او ممالک سے تعلقات کا فروغ پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، ایس سی او ممالک کے تعاون سے تمام ممالک ترقی کی منازل طے کریں گے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرے، ایس سی او فورم سے درپیش چیلنجز کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے، عالمی برادری عبوری افغان حکومت سے بات چیت کرے۔ دریں اثناء  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحق ڈار نے قازقستان کے صدر سے  صدارتی محل میں ملاقات میں تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی پاکستان کی پختہ خواہش کا اعادہ کیا۔ سینیٹر اسحق ڈار نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے صدارتی محل اکوردہ میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم نے قازقستان کے صدر کے لیے پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں قازقستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی پاکستان کی پختہ خواہش کا اعادہ بھی کیا گیا۔  اسحق ڈار اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔ نائب وزیر اعظم  نے پاکستان اور رشین فیڈریشن کے درمیان بڑھتی ہوئی دو طرفہ افہام و تفہیم، تعاون اور حالیہ علاقائی  و عالمی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔  انہوں نے  منگل کو چینی وزیر خارجہ سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے باہمی فائدہ مند تعاون اور اعلیٰ معیار کی ترقی کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے آستانہ، قازقستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء  خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔ ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کرغزستان میں پھنسے طلبہ کی ہنگامی واپسی کے احکامات جاری کر دیے۔ اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرغزستان میں پھنسے طلبہ کو لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہوائی جہاز طلب کر لیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق طلبہ کو لانے کے لیے ہوائی جہاز کے اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ دوسری طرف سے کرغیزستان سے مزید 347 طلبہ اسلام آباد پہنچ گئے۔ پرواز پی کے 6252 پر 167 طلبہ اسلام آباد پہنچے تھے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بشکیک میں پاکستانی ٹیکسٹائل ورکر شاہزیب سے ہسپتال میں ملاقات کی۔ کرغز کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر صحت نے ہسپتال میں اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔ شاہزیب وزیر خارجہ کے ہمراہ خصوصی طیارے میں واپس آئیں گے۔ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے ڈپٹی چیئرمین سینٹ آف منسٹرز ایڈل بیسالوف سے ملاقات کی۔ کرغز رہنما نے ویزہ کی حیثیت سے متعلق مسائل کا جلد حل تلاش کرنے کا یقین دلایا، دونوں ممالک کے درمیان  تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن