• news

بھارت میں اظہار رائے، انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال میں مودی حکومت کا اہم کردار: ایمنسٹی انٹرنیشنل

 لندن (کے پی آئی) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں انسانی حقوق کی پریشان کن  صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے  کہا کہ بھارت میں اظہار رائے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال میں مودی سرکار کا اہم کردار ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکریٹری جنرل اگنیس کالمارڈ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت میں عام انتخابات جاری  جبکہ سول سوسائٹی کے کارکنوں اور صحافیوں کو سخت جانچ اور جبر کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں اظہار رائے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال میں مودی سرکار کا اہم کردار ہے۔ ہم نے مذہبی اقلیتوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کو دیکھا اور اس کے علاوہ ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی تنظیم کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت ہی نہیں ہے۔ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر عالمی برادری کے رد عمل سے متعلق ڈاکٹر اگنیس کالمارڈ نے مغربی طاقتوں کے دوہرے معیار کی مذمت کی۔ یوکرائن میں روسی اقدامات پر تو سخت پابندیاں عائد کی جاتی ہیں لیکن غزہ میں اموات کے باوجود اسرائیلی جارحیت پر خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے، جو انتہائی تشویش ناک عمل ہے۔ سیکرٹری جنرل اگنیس کالمارڈ نے امریکہ اور روس جیسے طاقتور ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ یوکرین اور غزہ کے معاملات میں بین الاقومی قوانین کو نظر انداز کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن