• news

کور کمیٹی سے نکالا‘باقی کسی چیز سے نکالنا ہے تو بھی نکال لیں: شیر افضل مروت 

 پشاور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ مجھے کور کمیٹی سے نکالا اور پھر پولیٹیکل کمیٹی سے نکالا، باقی کسی چیز سے نکالنا ہے تو بھی نکال لیں۔ پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اور ساتھ رہوں گا، شوکاز سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا اور میں کسی کے خلاف سازش کرنے والا نہیں ہوں، خیبر پی کے  میں بیوروکریسی وہی پرانی ہے، کیسز میں پیشرفت نہیں ہو رہی جبکہ وفاق خیبر پی کے  میں صوبائی حکومت کو ناکام بنانا چاہتا ہے، مجھ سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج ہوئے اور روزانہ ہم عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ رئوف حسن پر حملہ انتہائی شرمناک ہے، یہ ایک دھمکی ہے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے لیے جو نیوز چینل پر آکر پی ٹی آئی کی بات کرتا ہے۔ ہم پر اتنے ظلم کیے ہیں کہ اب کسی چیز سے ڈر نہیں لگتا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستانی طلباء کو لانے کے لیے صوبائی حکومت کا اقدامات بہت اچھا ہے، صوبے کو رائیلٹی نہیں مل رہی ہے لہٰذا وفاق کو چاہیے کہ بلاامتیاز تمام صوبوں کا حق دیں۔

ای پیپر-دی نیشن