• news

بخشی خانوں، لاک اپ ری ویمپنگ پراجیکٹ کی منظوری، جیل ریفارمز کا پلان طلب

لاہور+راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جیل ریفارمز کا جامع پلان طلب کر لیا۔ فیصل آباد اور راولپنڈی میں وویمن جیلوں کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ نئی جیلوں کو شہر سے باہر قائم کرنے کی ہدایت کی۔  مریم نواز نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بخشی خانوں اور لاک اپ کی ری ویمپنگ کا حکم دیا۔ پنجاب بھر کے بخشی خانے اور لاک اپ کی ری ویمپنگ پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔ جیلوں سے جرائم پیشہ افراد کے ممکنہ بیرونی رابطوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ جیلوں کی سائبر سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی۔ بعدازاں مریم نواز نے اچانک ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ ہولی فیملی ہسپتال نیو بلاک کے دورے پر مزدوروں کی کم اجرت کا نوٹس لیتے ہوئے مزدورں کو قانون کے مطابق  اجرت کی پوری ادائیگی کی ہدایت کی۔  پیڈز ایمرجنسی، مدر اینڈ چائلڈ بلاک اور دیگر وارڈز کا جائزہ لیا۔ مریضوں سے گفتگو اور ان کی تیمارداری کی۔ مریم نواز ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے دوران زیر علاج مریضوں کے اہل خانہ کے پاس رک گئیں جو درخت کے نیچے بیٹھے شدید گرمی کی وجہ سے دستی پنکھوں سے ہوا لینے پر مجبور تھے۔ بزرگ شہری اور اہل خانہ سے بات چیت کی اور مریض کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مریضوں کے لواحقین کے لئے شیڈ اور پنکھوں کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ایمرجنسی میں زیر علاج مریض بچوں کی عیادت کی اور ایک بچی کے پاس رک گئیں اور خوشگوار موڈ میں باتیں کیں۔ ننھی بچی نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے ساتھ ’’ہائی فائی‘‘ کیا۔ تین سالہ حسنین کے دل میں پیدائشی سوراخ کے علاج کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو ہولی فیملی ہسپتال کے ری ویمپنگ پراجیکٹ کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے تعمیر و مرمت شدہ بلاک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہولی فیملی ہسپتال کے زیر تعمیر نیو بلاک کا بھی جائزہ لیا اور سی اینڈ ڈبلیو کو 30جون تک نیو بلاک کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب جڑانوالہ میں مدرسہ کے طالبعلم پر قاری کے تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ مریم نواز نے انسپکٹر جنرل سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ طالب علم کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تحقیقات کرکے تشددکے ذمہ دارکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔  طالب علم پر کسی بھی قسم کا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن