• news

ابراہیم رئیسی کا وژن، تعلقات مزید مضبوط بنائیںگے: شہباز شریف، خامنہ ای

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے  ایران کے مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے لئے منعقدہ تعزیتی تقریب میں شرکت کی، شہباز شریف نے ابراہیم رئیسی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے دوران وزیراعظم اس ہال میںگئے جہاں مرحوم ایرانی صدر کا جسد خاکی رکھا گیا تھا۔ وزیراعظم نے مرحوم صدر کے بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی اور دیگر رفقاء کی المناک حادثے میں شہادت کی خبر سے شدید صدمہ ہوا ہے، ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی برادر ملک میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مرحوم ایرانی صدر پاکستان کے عظیم دوست تھے۔ دورہ پاکستان کے دوران گزرے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ امام خامنہ ای سے ملاقات کی۔ سپریم لیڈر سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے المناک انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی ایک وژنری رہنما تھے جنہوں نے اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ مرحوم ابراہیم رئیسی کے اپریل 2024 میں دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاک۔ ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے قابل تعریف کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک۔ ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر کے وژن کو جاری رکھیں گے۔ دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے محصور عوام کے لیے ابراہیم رئیسی کی خدمات تاریخ میں لکھی جائیں گی۔ایرانی سپریم لیڈر کا ملاقات میں کہنا تھا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف کیے گئے جذبات کے اظہار کو محسوس کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور ہم پاک۔ ایران تعلقات کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔وزیر اعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ایران کے نگران صدر ڈاکٹر محمد مخبر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نیمختلف شعبوں میں تعاون مزید  بڑھانے پر اتفاق  کیا ہے۔ وزیراعظم اور قطر کے امیر  شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان  تہران میں منعقدہ تعزیتی تقریب کے دوران ہوئی۔دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں میں تعاون مزید  بڑھانے پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف نے ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان سے بھی ملے۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان  مختلف شعبوں میں تعاون مزید  بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے ترکیہ صدر رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔  وزیر اعظم لبنانی سپیکر سے بھی ملے ۔  نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
 جبکہ وزیراعظم شہباز شریف آج جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزراء پر مشتمل وفد بھی ہوگا، وزیراعظم کا اپنے انتخاب کے بعد یہ متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ ہوگا۔ وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے۔ دیگر اماراتی شخصیات اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں آئی ٹی کے فروغ ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور سٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے جبکہ وزیر اعظم کو بتایا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا،2025 میں ملک بھر میں 100 نئے ای۔روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کئے جائیں گے۔وزیراعظم کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اہم اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس آباد میں ہوا جس میں آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانے کی ہدایت بھی کی ۔ بریفنگ  میں اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا۔کراچی میں منصوبہ 2027 تک مکمل ہو گا۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ملک 29 شہروں میں 43 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے گئے ، 2025 میں ملک بھر میں 100 نئے ای۔روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قدرتی وسائل سے استفادے  کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں خصوصاً خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں جن سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے،قیمتی اور نایاب  پتھروں کی صنعت کے فروغ کے لئے  ضروری قانون سازی اور  ویلیو ایڈیشن  کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع  کئے جائیں۔ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے بیشتر علاقوں خصوصاً خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں جن سے  صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔قیمتی پتھروں اور ان سے تیار ہونے والی مصنوعات کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن پر کام کرنے  اور عالمی نمائشوں میں پاکستانی نمائندگی یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔ فوری طور پر لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ نجی شعبے سے ضروری مشاورت اور صوبوں کے ساتھ بھی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیراعظم نے جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کو فی الفور فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قیمتی پتھروں کی صنعت کے فروغ کے لئے ضروری قانون سازی کا عمل شروع کرنے کی بھی تاکید کی۔  قیمتی پتھروں کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن