پی آئی اے نجکاری ملکی غیر ملکی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی: وزیرخزانہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے مثبت جواب موصول ہوا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے کینیڈا کی ہائی کمشنر لیزلی سکینلون نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کینیڈین ہائی کمشنر کا خیر مقدم کیا اور آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل سمیت اہم ترجیحی اصلاحاتی شعبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن، انتظامی اصلاحات بھی حکومتی ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ ڈسکوز کی کارکردگی بڑھانے کے لیے بورڈز کی تشکیل نو کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسکوز کے بورڈز میں نجی شعبے سے ماہرین کو شامل کیا گیا ہے اور سرمایہ کاری کی سہولت اور راغب کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اور پروگرام پر بات چیت کر رہے ہیں اور ٹیکس نہ دینے والے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے۔