سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس، اربوں کے منصوبے ایکنک کو ارسال، 7 منظور کر لئے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی صدارت میں سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 6.7 ارب ڈالر لاگت کا ریلویز کا نظر ثانی شدہ ایم ایل منصوبہ اپنی سفارش کے ساتھ ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ اس کے علاوہ 82.24 ارب روپے لاگت کے تین منصوبے بھی ایکنک کو حتمی منظوری کے لئے بھیجے گئے ہیں۔ اجلاس میں 23 ارب روپے لاگت کے سات ترقیاتی منصوبوں کو منطور کیا گیا۔ ایم ایل منصوبے کے تحت حویلیاں میں ایک ڈرائی پورٹ بھی بنایا جائے گا۔ ایم ایل ون منصوبے پر سی پیک کے فریم ورک کے اندر کام کیا جائے گا۔ ریلوے ای پی سی ایگریمنٹ کے تحت اس پر عمل کرے گی، ملک کے اندر ریلوے لائن انیسویں اور بیسویں صدی میں بچھائی گئی تھی اور یہ موجودہ دور کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتی۔ ٹرانسپورٹ کے سیکٹر ہی میں نو ارب 23 کروڑ روپے لاگت کے میرپور اسلام گڑھ روڈ پر رتو ہریام برج کی تعمیر کا منصوبہ بھی ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ مظفر آباد مانسہرہ ایکسپریس وے کا منصوبہ بھی ایکنک کو بھیجا گیا ہے۔ اس پر 58 ارب روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ ہے۔ منصوبے کے تحت پہلے مرحلہ میںایک کلومیٹر طویل سرنگ بھی بننا ہے اور یہ مرحلہ دو سال میں مکمل ہوگا۔ اس منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 3.4 کلومیٹر طویل ایک دوسری ٹنل بھی بنائی جائے گی۔ آزاد کشمیر میں دانش سکولز قائم کرنے کے لیے 14 ارب 92 کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ بھی ایکنک کو بھیجا گیا ہے۔ اجلاس میں نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے پی کے منصوبہ کو منظور کر لیا گیا۔ اس پر دو ارب 54 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔