ایس آئی ایف سی اجلاس کل طلب، وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو مدعو نہیں کیا گیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس کل ہفتہ (25 مئی) کو طلب کرلیا۔ تاہم اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور کو مدعو نہیں کیا گیا۔ اجلاس دن پونے بارہ بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ، وزیر اطلاعات، وزیر خزانہ، وزیر دفاع، وزیر منصوبہ بندی، وزیر تجارت، وزیر قانون وانصاف اور وزیر آبی وسائل بھی شرکت کریں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چاروں چیف سیکرٹریز کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ ترجمان خیبر پی کے بیرسٹر سیف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی جعلی فارم 47 حکومت خیبر پی کے سے تعصب کی انتہا کو پہنچ گئی ہے، ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو مدعو نہیں کیا گیا جبکہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مدعو ہیں۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی فارم 47 حکومت ملک کو صوبائیت کی طرف دھکیل رہی ہے، قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے کی قسمت کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی غیر موجودگی میں قبول نہیں، خیبر پی کے حکومت اس متعصبانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپی کے مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپی کے کو نہ بلانا بغض ہے، علی امین گنڈاپور کو اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں نہ بلانا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔