• news

دوہری شہریت رکھنے والوں کو سرکاری ملازمت نہ دینے کا بل قومی اسمبلی میں جمع

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) دوہری شہریت کے حامل افراد کو سرکاری ملازمت دینے پر پابندی کا بل قومی اسمبلی میں جمع کرا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دوہری شہریت والے امیدوار کو سول سرونٹ تعینات کرنے پر پابندی کا بل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما نور عالم خان کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرایا گیا۔ بل میں موقف اپنایا گیا کہ سرکاری ملازمین کی دوہری شہریت کا معاملہ سامنے آیا ہے جہاں دوہری شہریت یا سٹیزن شپ رکھنے والا سول سرونٹ تقرری کا حق دار نہیں۔ انہوں نے بل میں کہا کہ ایسے ملازمین ملکی مفاد داؤ پر لگا دیتے ہیں اور احتساب سے بچنے کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد ملک چھوڑ دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ دو دن قبل ہی نور عالم خان نے ہی توہین عدالت کے قانون کی منسوخی اور دوہری شہریت رکھنے والے شخص کو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا جج تعینات کرنے پر پابندی عائد کرنے کے لیے بل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن