• news

 ٹریفک مسائل: پشاور میں رنگ روڈ، 8 انڈر پاسز، فلائی اوورز کی تعمیر کا فیصلہ

 پشاور (نوائے وقت رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس ہوا۔ ڈیڑھ سال بعد منعقد ہونے والے اجلاس میں 33 نکاتی ایجنڈے پر غور اور اہم فیصلے کئے گئے۔ پشاور میں ٹریفک مسائل کے حل کے لئے رنگ روڈ اور دیگر اہم سڑکوں پر انڈر پاسز، فلائی اورز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کل آٹھ انڈرپاسز، فلائی اورز تعمیر کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تین انڈرپاسز، فلائی اورز رنگ روڈ باقی مختلف مصروف مقامات پر تعمیر کئے جائیں گے۔ پی ڈی اے کے زیرانتظام ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ ریگی ماڈل ٹاؤن میں پی ڈی اے کے سب آفس کے قیام، ریگی ماڈل ٹاؤن میں ایجوکیشن کمپلیکس کے قیام کے لئے ایکشن پلان، پی ڈی اے ایکٹ 2017ء کے تحت مختلف رولز اینڈ ریگولیشنز کی بھی مشروط منظوری دی گئی۔ فرانزک سائنس لیبارٹری کے قیام کے لئے محکمہ داخلہ کو درکار اراضی فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے ریگی ماڈل ٹاؤن میں پیراپلیجک سینٹر کے قیام کے لئے درکار اراضی دینے کی بھی منظوری دے دی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نیو پشاور ویلی منصوبے پر پیشرفت کے لئے ایک مہینے میں پلان پیش کیا جائے، بی آر ٹی کے گرے سٹرکچر کی تزئین و آرائش کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں، پی ڈی اے کے تمام انفراسٹرکچر کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور ایرانی قونصلیٹ جنرل پشاور پہنچے۔ انہوں نے ایرانی ڈپٹی قونصل جنرل حسن مالکی سے ملاقات کی اور ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایرانی صدر اور رفقاء کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حادثے میں ایرانی صدر اور رفقاء کی وفات پر دلی صدمہ ہوا۔ ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن